متعلقہ ویڈیو
مہاراشٹر کے دار الحکومت ممبئی میں بابری مسجد کی انہدامی برسی پر مساجد میں اذانیں دی گئیں اور کئی مقامات پر احتجاجی جلوس بھی نکالا گیا۔
ممبئی شہر کے دیگر علاقوں میں بھی متعدد مسلم تنظیموں نے اپنے طور پر بطور احتجاج میمورنڈم بھی دیا ہے۔
اورنگ آباد کے ڈیویژنل کمشنر آفس کے روبرو ایم آئی ایم کے بینر تلے احتجاج کیا گیا۔
اس موقع پر شہر کے اکابرین نے اس احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔
اورنگ آباد کے ہی علاقے چمپا چوک پر بابری مسجد کی برسی کے موقع پر رضا اکیڈیمی کی جانب سے اجتماعی اذان دی گئی جس میں سیکڑوں افراد نے اجتماعی اذان میں حصہ لیا۔
بہار کے ضلع ارریہ میں بابری مسجد کی برسی پر احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے سکریٹری محمد فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک ایک جمہوری ملک ہے جہاں ہر ذات اور مذہب کے لوگ بستے ہیں اور یہی اس ملک کی انفرادیت ہے۔
گجرات میں بھی بابری مسجد کی انہدامی برسی پر یوم سیاہ منایا گیا اس دوران گجرات کے مختلف علاقوں میں پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔
گجرات ہائی کورٹ کے وکیل اویس الطاف نے کہا کہ اس معاملے پر اکثر میڈیا ٹرائل ہوتی رہتی ہے لیکن یہ ایک ایسا حساس معاملہ ہے جس پر میڈیا کو ٹرائل نہیں کرنا چاہئے۔
حیدرآباد میں بابری مسجد کی انہدامی برسی پر خاص کر پرانے شہر میں بند کا اہتمام کیا گیا اور مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاجی اجلاس منعقد کئے گئے۔
درسگا ہ جہاد و شہادت کے کارکنوں کو احتجاج کرنے پر پولیس نے حراست میں لے لیا جبکہ عیدگاہ اجالے شاہ میں خواتین نے قنوت نازلہ کا اہتمام کیا اور اپنا احتجاج درج کروایا۔
اترپردیش میں مسلم مجلس اتر پردیش کے زیرِ اہتمام کارکنان مسلم مجلس نے قومی صدر ایڈوکیٹ احمد کی قیادت میں یوم عہد منایا۔ یومِ عہد کا حلف دینے کے لیے خاص طور پر بہار سے آئے ہوئے مفتی شمیم نے کارکنان مجلس کو خدا اور رسول کے نام پر یہ حلف لیا کہ، "ہم مسلمان بابری مسجد واپسی تک آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔اس کے ساتھ بنارس شہر میں بھی مسلمانوں نے بابری مسجد کی برسی پر اپنا احتجاج درج کرایا اور بابری مسجد کی بازیابی کے لیے دعائیں کیں۔
کرناٹک کے گلبرگہ شہر میں بابری مسجد کی برسی پر ایس ڈی پی آئی کی جانب سے مسجد کی بازیابی کے لیے دعا کی گئی۔
ایس ڈی پی آئی کے ضلع سکریٹری علیم الہی نے کہا کہ پورے ملک میں بابری مسجد کے نام پر نفرت کی فضا پھیلائی جارہی ہے اور رام مندر کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے۔